لیبیا میں خوفناک سمندری طوفان، 3 ہزار سے زائد اموات، ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ

حیدرآباد (دکن فائلز) لیبیا میں سمندری طوفان ڈینیئل نے ہر طرف تباہی مچادی، درنہ شہر کا 25 فیصد حصہ تباہ ہوگیا، حکام کے مطابق اموات 3 ہزار سے تجاوز کر گئیں جبکہ 5 ہزار افراد لاپتہ ہیں۔
لیبیا میں گزشتہ آنے والے سمندری طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، رپورٹ کے مطاق درنہ شہر کا 25 فیصد حصہ تباہ ہوگیا، کثیر منزلہ عمارتیں بھی زمین بوس ہوگئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے طوفان سے 3 ہزار سے زائد اموات اور 5 ہزار سے زائد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

لیبیا حکومت نے درنہ، شحات، بیضا اور قرب و جوار کے علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ ہلال احمر لیبیا کے مطابق ہلاکتیں سیلابی ریلوں اور مکانات گرنے کی وجہ سے ہوئیں، آفت زدہ علاقوں میں کم و بیش 7 ہزار خاندان محصور ہیں جن تک امدادی ادارے اب تک نہیں پہنچ سکے۔

عرب میڈیا کے مطابق لیبیائی وزیر نے طوفان سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے درنہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر طرف تباہی ہے، جگہ جگہ لاشیں پڑی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں