حیدرآباد (دکن فائلز) ممتازعالمِ دین مولانا طارق جمیل نے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ اداکار سلمان خان بھی ان کے اسلامی بیان سنتے ہیں۔ یوٹیوبر نادر علی کو پوڈ کاسٹ انٹرویو دیتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور ان کی ہمشیرائیں میرے بیانات سنتی ہیں۔
مولانا طارق جمیل کے مطابق یہ انکشاف ان کے لاہور میں مقیم ایک دوست نے کیا، انہوں نے کہ ’دراصل میرے دوست کا ہندوستان میں کاروبار ہے اور اس نے مجھے بتایا کہ ممبئی میں اپنے پارٹنر کے گھر قیام کے دوران اس کا سلمان خان سے تعارف ان کے پارٹنر کے ذریعے ہوا تھا‘۔
مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ ’سلمان خان نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ مولانا طارق جمیل کو جانتے ہیں؟ میرے دوست نے فوراً پوچھا کہ تم انہیں کیسے جانتے ہو؟‘۔ دوست کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں سلمان خان نے انہیں مولانا طارق جمیل کے بیانات کی سی ڈیز دکھائی تھیں۔
خیال رہے کہ مولانا طارق جمیل پاکستان کے معروف عالم دین ہیں، وہ اپنے دینی بیانات کی وجہ سے دنیا بھر میں بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ ایک بین الاقوامی میگزین کی رپورٹ کے مطابق مولانا طارق جمیل دنیا کے 32 ویں بااثر ترین مسلمان ہیں۔