حیدرآباد (دکن فائلز) نامپلی پولیس نے بازار گھاٹ آتشزدگی واقعہ میں کاروائی کرتے ہوئے آج بلڈنگ کے مالک رمیش کمار جیسوال کو گرفتار کرلیا۔ جیسوال نے مبینہ طور پر بلڈنگ کے سیلر میں انتہائی آتشی مادہ و کمیکلز رکھے تھے جس کے نتیجے میں گذشتہ پیر 13 نومبر کو عمارت میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجہ میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔
کیمیکل کا کاروبار کرنے والے رمیش کمار نے ’بالاجی انکلیو‘ کی پانچ منزلہ عمارت کے سیلر میں مختلف کیمیکلز اور دیگر اشیا سے بھرے بیرل رکھے تھے۔ پیر کی صبح تقریباً 9 بجے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ اسی دوران دم گھٹنے اور جھلسنے سے نو افراد کی موت ہوگئی تھی جبکہ ایک اور نوجوان لڑکا گذشتہ روز دوران جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے رمیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد جیسوال اسپتال میں شریک ہوگیا تھا اور طبیعت کی ناسازی بتائی جارہی تھی تاہم آج اسے ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا جس کے بعد پولیس نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 304 (ii)، 285,286 اور دھماکہ خیز ایکٹ کی دفعہ 9 (B) (b) کی درخواست کی تھی۔