حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے جس کے بعد خواتین مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوگیا۔ اب بسوں میں الاٹ خواتین کی نشستیں بھی کم پڑ رہی ہے اور خواتین دیگر سیٹوں پر بیٹھ کر سفر کررہی ہیں۔ ایسے میں آر ٹی سی بسوں میں مرد حضرات کےلئے بیٹھنے کی گنجائش کم ہوگئی۔
بسوں میں مرد حضرات کو کھڑے رہ کر سفر کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں کچھ مرد حضرات نے غصہ اور برہمی کا اظہار کیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ نظام آباد کے آرمور میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان بس میں سیٹ نہ ملنے پر برہم ہوگیا۔ بس کی تقریباً تمام سیٹوں پر خواتین بیٹھ چکی تھیں، جس پر نوجوان نے برہمی کا اظہار کیا۔
نوجوانوں نے حکومت کی جانب سے نافذ اسکیم کی تعریف کی لیکن حکومت سے مردوں کےلئے مناسب سیٹیں مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ نوجوان نے ہر بس میں کم از کم 15 سیٹیں مردوں کےلئے الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران نوجوان نے احتجاج کیا جس کی وجہ سے کچھ وقت کےلئے ٹریفک جام ہوگیا۔


