بچوں کو موبائل فون دینے کی بہترین عمر کیا ہے؟ بل گیٹس کی رائے جانیں

(ایجنسیز) موجودہ عہد میں بیشتر والدین اپنے کاموں یا مصروفیت کے دوران بچوں کو خاموش کرانے یا ایک جگہ تک محدود رکھنے کے لیے اسمارٹ فون یا ٹیبلیٹ دے دیتے ہیں۔ مگر ماہرین کی جانب سے اس عادت کو بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا جاتا ہے۔

تو سوال یہ ہے کہ بچوں کو کس عمر میں موبائل فون دینا چاہیے؟ اس بارے میں دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک اور ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے نام بل گیٹس کی رائے جانیں۔ کچھ سال قبل بل گیٹس نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے بچوں پر ٹیکنالوجی کے استعمال پر حیران کن پابندیاں عائد کی تھیں۔ بل گیٹس نے اپنے تینوں بچوں کو 14 سال کی عمر تک موبائل فون رکھنے کی اجازت بھی نہیں دی حالانکہ تینوں کو شکایت تھی کہ ان کے تمام دوستوں کے پاس موبائل فونز موجود ہیں۔

جب ان بچوں کو موبائل فونز مل گئے تو بل گیٹس کی جانب سے ان کے استعمال پر سختی سے نگرانی کی گئی، جبکہ کھانے کی میز پر ڈیوائسز کا استعمال ممنوع تھا۔ بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ‘ہم اکثر ایک وقت طے کردیتے تھے جس کے بعد بچوں کو اسکرین کے ساتھ وقت گزارنے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی اور اس طرح انہیں صحیح وقت پر سونے میں مدد ملتی تھی’۔ البتہ بچوں کو اسکول کے کام یا تدریسی سرگرمیوں کے لیے موبائل فونز استعمال کرنے کی اجازت تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں