خواتین کو گائے، بکری یا بی بی کہہ سکتے ہیں لیکن نام پکارنے پر پابندی! قبروں کے کتبوں سے بھی خواتین کے نام حذف! افغانستان میں طالبان کا عجیب رویہ

حیدرآباد (دکن فائلز) افغانستان میں طالبان حکام کے ایک عجیب و غریب رویے اور نئی ہدایات کے تحت خواتین کو ان کے ذاتی ناموں سے پکارنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ نام کے بجائے انہیں ’بی بی‘، ’بکری‘ یا ’گائے‘ جیسے الفاظ سے مخاطب کرنے کے رجحان پر انسانی حقوق کے حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

’زین نیوز‘ اور برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کی ایک مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ بلخ میں صحت کے شعبے سے وابستہ عملے کو باقاعدہ ہدایت دی گئی ہے کہ وہ علاج کے لیے آنے والی خواتین کو ان کے نام کے بجائے ’بی بی‘ کہہ کر مخاطب کریں۔ حکام نے اس حکم نامے کا اطلاق طبی نسخوں ( ڈاکٹر کی پرچیوں) پر بھی لازمی قرار دیا ہے، جس کے بعد نسخوں پر خواتین کے ذاتی نام درج نہیں کیے جا رہے۔

جرمنی میں مقیم افغان سماجی کارکن لالہ عثمانی نے ہسپانوی اخبار ’ایل پائس‘ کو بتایا کہ طالبان کی جانب سے بعض اوقات خواتین کے لیے ’بکری‘ اور ’گائے‘ جیسے تضحیک آمیز الفاظ بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری دستاویزات میں خواتین کی انفرادی شناخت ختم کرتے ہوئے ان کے ذاتی نام کے بجائے انہیں کسی مرد رشتہ دار کی ’بیوی‘ یا ’بیٹی‘ کے طور پر درج کیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ افغانستان کے کئی حصوں میں عوامی سطح پر کسی خاتون کا نام لینا اس کے شوہر یا خاندان کی عزت کے خلاف سمجھا جاتا ہے، جس کے باعث قبروں کے کتبوں سے بھی خواتین کے نام حذف کر دیے جاتے ہیں۔

طالبان کے زیرِ کنٹرول افغانستان میں خواتین پر تعلیم اور روزگار کے دروازے پہلے ہی بند ہیں۔ اس کے ساتھ ہی خواتین اور لڑکیوں کو لباس کے انتہائی سخت ضابطوں کا پابند بنایا گیا ہے؛ حتیٰ کہ گرمیوں کے مہینوں میں جب درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، تب بھی انہیں مکمل پردے اور ہر وقت کسی مرد محرم کے ہمراہ رہنا لازم ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال کے اوائل میں طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کے دستخط سے 90 صفحات پر مشتمل ایک نیا فوجداری ضابطہ نافذ کیا گیا ہے۔ اس ضابطے کے آرٹیکل 9 کے تحت افغان معاشرے کو سماجی حیثیت کی بنیاد پر چار طبقات یعنی علما، اشرافیہ، متوسط طبقے اور نچلے طبقے میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دستاویز میں ملزمان کو ’آزاد‘ یا ’غلام‘ کے زمروں میں رکھتے ہوئے خواتین کو غلاموں کے مساوی سطح پر قرار دیا گیا ہے۔

خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق آرٹیکل 32 میں کہا گیا ہے کہ اگر شوہر بیوی کو لاٹھی سے مارے اور اس کے نتیجے میں زخم یا جسم پر شدید نیل پڑنے جیسا نقصان ہو، اور خاتون جج کے سامنے اسے ثابت کر سکے، تو شوہر کو 15 روز قید کی سزا سنائی جائے گی۔ تاہم مبصرین کے مطابق اس میں بڑا عملی تضاد یہ ہے کہ خاتون کو عدالت میں اپنے زخم ثابت کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل پردے میں رہنا لازم ہے اور اس کے ہمراہ مرد محرم کی موجودگی بھی ضروری ہے، جو عموماً تشدد کرنے والا شوہر ہی ہوتا ہے۔ مزید برآں، اس نئے ضابطے میں خواتین کے خلاف جنسی یا نفسیاتی تشدد کی کوئی مذمت یا ممانعت شامل نہیں کی گئی، جبکہ گھریلو تشدد سے بچنے کے لیے خواتین کو اپنے میکے یا خاندان کے پاس پناہ لینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔

مئی میں طالبان نے ’زوجین کے درمیان علیحدگی کے اصول‘ کے عنوان سے 31 آرٹیکلز پر مشتمل ایک اور ضابطہ جاری کیا، جس کے ذریعے کم عمری کی شادی کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتے ہوئے نابالغ افراد کی شادیوں اور غیر شادی شدہ لڑکیوں سے متعلق مخصوص ہدایات طے کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں