کیا مسلمانوں کی جان ایک گنے سے بھی سستی ہو گئی ہے؟ دو معصوم حافظِ قرآن بچوں کا لرزہ خیز قتل!گوپال گنج میں انسانیت کو شرمسار کر دینے والا دل دہلا دینے والا سانحہ

حیدرآباد (دکن فائلز) ابھی دو ماہ قبل ہی 14 سالہ اشرف علی کے سر سے ماں کا سایہ اٹھا تھا۔ تین بڑی بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا سب سے چھوٹا لاڈلا، جس نے کم عمری میں ہی مدرسہ دارالعلوم فیضانِ وارث (برہڑیا) سے قرآنِ مجید حفظ کر کے حافظِ قرآن بننے کی سعادت حاصل کی تھی۔ اس معصوم کا خواب تھا کہ وہ اپنے اساتذہ کی طرح بن کر دوسرے بچوں کو قرآن کی تعلیم دے گا، لیکن ظلم و بربریت نے اس کے سارے خواب مٹی میں ملا دیے۔ 26 نومبر کی صبح اس کی لاش بہار کے ضلع گوپال گنج کے ایک تالاب سے برآمد ہوئی۔

اس سے محض ایک روز قبل اسی تالاب سے اس کے ہم جماعت، 14 سالہ محمد زید شہیدی کی لاش نکالی گئی تھی۔ مقتول بچوں کے اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ 23 نومبر کو کھیت سے محض ایک دو گنے توڑنے کے جرم میں ایک ہجوم نے ان دونوں معصوموں کا پیچھا کیا، انہیں بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر ادھ موا کیا اور پھر تالاب کے گہرے پانی میں پھینک دیا۔

مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اشرف کے غم زدہ والد محمد اسلم نے روتے ہوئے کہا کہ “ایک گنا توڑنے پر معصوم بچوں کو کون قتل کر سکتا ہے؟ کیا مسلمانوں کی جان ایک گنے سے بھی سستی ہو گئی ہے؟ انہیں صرف ایک گنے کے لیے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا۔”

مقتول کے والد کے مطابق، مدرسے کے پانچ طلبہ ہردپور گاؤں سے مدرسے کے راشن کے لیے چندہ جمع کر کے واپس آ رہے تھے—یہ ایک معمول تھا جو سال میں دو بار کیا جاتا ہے۔ واپسی پر بنگرا گاؤں کے قریب ان کا ای رکشہ خراب ہو گیا۔ جب ڈرائیور رکشہ ٹھیک کر رہا تھا تو بچے نیچے اتر آئے اور بچپن کی شرارت میں قریبی کھیت سے ایک دو گنے توڑ لیے۔

ڈرائیور نے بچوں کو منع بھی کیا، لیکن اتنے میں کھیت کا مالک ستیندر پانڈے مبینہ طور پر اپنے بیٹوں اور دیگر گاؤں والوں کے ساتھ وہاں پہنچ گیا۔ اسلم کے مطابق “انہوں نے بچوں کا پیچھا کیا، انہیں پکڑ کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ای رکشہ ڈرائیور کو بھی بری طرح پیٹا گیا، مگر وہ کسی طرح جان بچا کر بھاگنے میں کامیاب ہو گیا، اور تین دیگر بچے بھی بھاگ نکلے۔” جب مدرسے کے ذمہ داران بچوں کو چھڑانے موقع پر پہنچے تو زید اور اشرف لاپتہ ہو چکے تھے۔

بچوں کے گھر نہ لوٹنے پر اہلِ خانہ اور گاؤں والوں نے دو دن تک دیوانہ وار تلاش جاری رکھی۔ 24 نومبر کو 30 سے 40 موٹر سائیکلوں پر سوار لوگ ہر طرف بچوں کو ڈھونڈتے رہے، مگر کوئی سراغ نہ ملا۔ بالآخر 25 نومبر کو جھاڑیوں اور دلدل سے گھرے ایک تالاب کے اوپر ڈرون اڑایا گیا، جہاں زید کی لاش تیرتی ہوئی ملی۔ اگلی صبح ساڑھے نو بجے اسی تالاب سے اشرف کی لاش بھی نکال لی گئی۔

محمد اسلم کا سوال ہے کہ بچے تالاب کے عین وسط میں کیسے پہنچے؟ انہیں پورا یقین ہے کہ دونوں کو شدید تشدد کے بعد یا تو نیم مردہ حالت میں یا قتل کرنے کے بعد پانی میں پھینک دیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ تلاش کے دوران ستیندر پانڈے نے پولیس کی موجودگی میں دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا، جبکہ پانڈے کے بیٹے نے مبینہ طور پر کہا کہ “بچوں کو اتنا مارا گیا ہے کہ وہ جہاں بھی ہوں گے، یاد رکھیں گے۔”

اہلِ خانہ کا ماننا ہے کہ یہ محض غصے کا نتیجہ نہیں بلکہ کھلی نفرت کا شاخسانہ تھا، کیونکہ بچے مدرسے کے طالب علم تھے اور انہوں نے کرتا پاجامہ اور ٹوپی پہن رکھی تھی۔ محمد اسلم نے تڑپ کر کہا کہ “یہ نفرت ہے جس نے ان کی جان لی کیونکہ وہ مسلمان تھے۔ اگر یہ کسی اور برادری کے بچے ہوتے تو ایسا ہرگز نہ ہوتا۔ اگر کسی مسلمان نے غیر مسلم بچوں کو مارا ہوتا تو اب تک مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چل چکے ہوتے—آج وہ بلڈوزر کہاں ہے؟”

27 نومبر کو تھاوے تھانے میں کیس نمبر 270/26 کے تحت ستیندر پانڈے، اس کے بیٹوں اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور معاملے کے تمام پہلوؤں کی جانچ جاری ہے۔

رکنِ پارلیمنٹ پپو یادو نے مدرسے کا دورہ کیا اور اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہار اور ملک کا معاشرہ فرقہ واریت اور نفرت سے آلودہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے بہار حکومت اور وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری سے مطالبہ کیا کہ دونوں خاندانوں کو 10، 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے اور قاتلوں کے خلاف فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلا کر انہیں سزائے موت دی جائے یا ان کا انکاؤنٹر کیا جائے۔ پپو یادو نے مدرسے کے لیے ایک لاکھ روپے اور دونوں غم زدہ خاندانوں کو فوری طور پر 20، 20 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی۔

سیوان سے تعلق رکھنے والے محمد زید اور برہڑیا پرانی بازار کے رہائشی اشرف علی کے اہلِ خانہ اب تمام نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اشرف کے والد کا عزم ہے: “ہمارا بیٹا تو اب واپس نہیں آ سکتا، لیکن جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں