حیدرآباد (دکن فائلز) بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے رہنما کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت کے تینوں راجیہ سبھا اراکین پارلیمنٹ مجوزہ حلقہ بندی (ڈی لمیٹیشن) کی تجویز کے حق میں ووٹ دیں گے۔ کے ٹی راما راؤ کے اس بیان کے ساتھ ہی مرکزی حکومت کی اس تجویز پر بی آر ایس کی تائید سامنے آگئی ہے۔
کے ٹی راما راؤ کے مطابق، حلقہ بندی کے معاملے پر ان کی جماعت کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جنوبی ہند کی نمائندگی میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے اور تلنگانہ کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس مسلسل یہ مطالبہ کرتی رہی ہے کہ پارلیمنٹ میں جنوبی ریاستوں کے موجودہ 24 فیصد حصے کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
کے ٹی آر نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ نشستوں میں 50 فیصد اضافے کی مجوزہ تجویز، جس میں 2051 تک بین الریاستی نمائندگی کے تناسب میں تبدیلی نہ کرنے کی ضمانت شامل ہے، جنوبی ہند کے اس بنیادی خدشے کو دور کرتی ہے جبکہ اس کے نتیجے میں تلنگانہ کی لوک سبھا نشستیں 17 سے بڑھ کر 26 ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تلنگانہ کے مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے پارٹی کے تین راجیہ سبھا اراکین اس تجویز کے حق میں ووٹ دیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس مؤقف کا اعادہ بھی کیا کہ بی آر ایس نے ہمیشہ خواتین کے ریزرویشن کی حمایت کی ہے اور اس کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب، بی آر ایس کے اس فیصلے کے تناظر میں ماضی کے اہم پارلیمانی بلوں پر اس جماعت کے طرزِ عمل کا حوالہ بھی دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل جب یہ جماعت تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے نام سے جانی جاتی تھی، تو اس نے تین طلاق بل پر غیر جانبدارانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے ووٹنگ سے غیر حاضر رہنے اور ایوان سے واک آؤٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس وقت راجیہ سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے اتحاد (این ڈی اے) کو واضح اکثریت حاصل نہیں تھی، تاہم ٹی آر ایس کے چھ اراکین کے واک آؤٹ کرنے اور ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کے باعث ایوان میں حاضر اراکین کی تعداد کم ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں حکومت کو بل منظور کرانے میں آسانی ہوئی۔ تین طلاق بل کی منظوری کے بعد کانگریس اور تلنگانہ کی مختلف مسلم تنظیموں نے ٹی آر ایس کے اس اقدام پر شدید تنقید کی تھی اور ان حلقوں کی جانب سے یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ ووٹنگ سے غیر حاضر رہ کر ٹی آر ایس نے بالواسطہ طور پر بی جے پی حکومت کی مدد کی ہے۔


