حیدرآباد (دکن فائلز) حماس نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد غزہ میں اپنے اعلیٰ عہدیدار یحییٰ ابراہیم حسن السنوار کو نیا رہنما منتخب کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کمانڈر یحییٰ سنوار کو تحریک کے سیاسی بیورو کے سربراہ کے طور پر منتخب کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
حماس نے کہا کہ ’شہید کمانڈر اسماعیل ہنیہ کے جانشین کے طور پر منتخب یحییٰ سنوار کی اللہ تعالی حفاظت فرمائے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یحییٰ السنوار کا حماس کی قیادت کے لیے انتخاب براہ راست اسرائیل کو چیلنج ہے اور حماس کی طرف سے اس کا سخت گیر مزاحمت کا واضح پیغام ہے۔
واضح رہے کہ اسماعیل ہنیہ کو ایران کے دارالحکومت تہران میں 31 جولائی کی شب شہید کردیا گیا تھا جہاں وہ نئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ اسرائیل نے ابھی تک اس حملہ کی ذمہ داری نہ تو قبول کی ہے اور نہ ہی حملہ کرنے سے انکار کیا ہے۔