افغانستان میں چینی تاجر نے اسلام قبول کرلیا، کلمہ توحید پڑھنے کے بعد وانگ فیکی کا نام ’عبداللہ محمد‘ رکھا گیا

(ایجنسیز) چینی تاجر نے افغانستان میں اسلام قبول کرلیا، جس کے بعد وانگ فیکی کا نام بدل کر عبداللہ محمد رکھا گیا۔ افغانستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان میں ایک چینی تاجر نے کلمہ طیبہ پڑھ کر اسلام قبول کرلیا۔ اُسے طالبان کے اخلاق اور برتاؤ کو دیکھ کر اسلام کے بارے میں جاننے کی جستجو ہوئی۔ بلخ صوبے کے شہر مزار شریف میں ایک چینی تاجر نے افغان طالبان کے صوبائی رہنما کی موجودگی میں کلمہ پڑھ کر اسلام میں داخل ہوگیا۔

بلخ کی صوبائی حکومت کے ترجمان حاجی زید نے بتایا کہ تاجر کا نام وانگ فیکی تھا، جسے اسلام قبول کرنے کے بعد عبداللہ محمد کا نام دیا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ عبداللہ محمد افغانستان کے ساتھ کئی کارخانوں کی تعمیر میں تعاون کر چکے ہیں۔ انہوں نے بلخ کے صوبائی دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کلمہ طیبہ پڑھ کر دین اسلام قبول کیا۔

اس موقع پر طالبان حکام اور شہریوں نے چینی تاجر کو مبارک باد دی، گلے لگایا اور استقامت کی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں