حیدرآباد (دکن فائلز) مہاراشٹر حکومت کے وزیر نتیش رانے نے چیف منسٹر دیویندر فڑنویس کو خط لکھ کر ممبئی میں منعقد ہوئے عظیم الشان تبلیغی اجتماع کے خلاف شکایت کی۔ انہوں نے اجتماع پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔
متعدد میڈیا رپورٹس ایک ہندو نوجوان کی موت کو تبلیغی جماعت کے اجتماع سے جوڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کے مطابق اجتماع کے دوران ایک ہندو نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ نتیش رانے نے اس معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے دیویندر فڑنویس سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نتیش رانے نے ممبئی اجتماع میں اشتعال انگیز تقریروں کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے بعد ایک ہندو نوجوان کی موت ہو گئی اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کے اجتماع پر الزامات کی بوچھار کردی اور کئی بے بنیاد الزامات عائد کردیئے۔
نتیش رانے کے بیان پر ممبئی کے مسلمانوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے نتیش رانے کو ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
مولانا یار محمد قاسمی نے کہا کہ نتیش رانے مسلمانں کی اتنی بڑی بھیڑ دیکھ کر گھبراگئے، مگر انہیں یہ نہیں معلوم کہ تبلیغی جماعت کبھی بھی کوئی دنیاوی بات نہیں کرتی وہ خالص دینی سونچ کے ساتھ آخرت کی تیاری اور باہمی بھائی چارہ کو فروغ دینے کےلئے کام کرتی ہے اور دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کی تعلیم دیتی ہے۔ تبلیغی جماعت کبھی بھی سیاسی تناظر میں بات نہیں کرتی، اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔مولانا نے کہا کہ نتیش رانے کو یہ سمجھنا چاہئے کہ پولیس کمشنر نے اس تبلیغی اجتماع کے منتظمین کی تعریف کی کہ لاکھوں کا مجمع ہونے کے باوجود کوئی معمولی واقعہ بھی رونما نہیں ہوا۔ ریلوے اسٹیشن پر آدھاکیلومیر تک قطار، لیکن مسلمانوں نے انتہائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ پولیس کو کہیں بھی کوئی مشکل پیش نہیں آئی کیونکہ والینٹرس خود ٹرافک کو صحیح انداز کنٹرول کررہے تھے۔
وہیں مولانا عمران ندوی نے کہا کہ کہ نتیش رانے کو اپنے دماغ اور سوچ کا علاج کروانا چاہئے، تبلیغی جماعت کا اجتماع لاکھوں کی تعداد میں مسلمان شریک ہوتے ہیں لیکن نظم و ضبط اور انکساری اتنی ہوتی ہے کہ کوئی کسی سے نہیں الجھتا، سبھی خلوص و عقیدہ کے ساتھ شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ رانے نے تبلیغی جماعت کے اجتماع میں بھڑکاؤ بھاشن کہا سے سن لیا، جبکہ یہاں تو صرف دین، عقیدہ اور عبادت کی باتیں ہورہی تھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نتیش رانا اسلاموفوبیا کے شکار ہوگئے۔