فرخ آباد کی مسجد میں نماز پڑھنے پر پابندی! خلاف ورزی پر ایک کروڑ روپئے جرمانہ کا انتباہ

حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے فرخ آباد کی ایک مسجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ زی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق رمضان کے دوران فرخ آباد کی مسجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم آئی سی اسکول کو ہائی اسکول انٹر بورڈ امتحانات کا مرکز بنایا گیا ہے جہاں بورڈ کے امتحانات جاری ہیں۔ ایم آئی سی اسکول کے اندر ایک مسجد بھی ہے جس میں مسلمانوں کے نماز ادا کرنے پر پابندی لگا دی گئی۔ حکام کے مطابق اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ بورڈ کے امتحانات میں کوئی خلل نہ پڑے، اسکول میں واقع مسجد میں نماز پڑھنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

سٹی مجسٹریٹ سنجے کمار اور سی او سٹی نے امتحانی مرکز کا معائنہ کیا اور بورڈ کے امتحانات میں کسی قسم کی خلل نہ ہونے کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔ مسلم کمیونٹی کے لوگ نماز پڑھنے کی اجازت لینے ڈسٹرکٹ آفیسر کے پاس پہنچے۔ ضلع افسر آشوتوش کمار دویدی نے مسلمانوں سے کہا کہ اگر امتحان میں خلل پڑا تو ایک کروڑ روپے کے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مسلم کمیونٹی کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جب تک بورڈ کے امتحانات چل رہے ہیں، مسجد میں نماز ادا نہیں کرسکتے۔

مقامی مسلمانوں نے انتظامیہ کے رویہ پر سخت احتجاج کیا۔ ایک اور اطلاع کے مطابق مسلمانوں نے انتظامیہ سے صرف 21 نمازیوں کو مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم، ڈی ایم کی جانب سے درخواست پر غور کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں