حیدرآباد (دکن فائلز) سپریم کورٹ نے نئے وقف قانون پر سماعت جاریہ ماہ کی 15 تاریخ تک ملتوی کردی ہے۔ آج سماعت کے دوران درخواست گذاروں نے عدالت کو بتایا کہ انھیں مرکز کی جانب سے داخل کردہ 13سو صفحات پر مشتمل حلف نامہ کے مطالعہ کے لئے وقت درکار ہے ۔اس پر عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔
سپریم کورٹ نے وقف ایکٹ کیس کی سماعت 15 مئی تک ملتوی کردی۔ چیف جسٹس آف انڈیا سنجیو کھنہ نے کہا کہ وہ آنے والے سی جے آئی کو اس معاملے سے آگاہ کرنے کے لیے کچھ وقت دینا چاہتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ کیس کو اگلے چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گاوائی کو بھیج دیا، اب 15 مئی کو نئے چیف جسٹس آف انڈیا اس معاملہ کی سماعت کریں گے۔
عدالت عظمیٰ نے 17 اپریل کو ایک حکم جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ اگلی سماعت پر صرف پانچ درخواستوں پر ہی غور کیا جائے گا اور کسی بھی نئی درخواست پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
مرکز نے 17 اپریل کو عدالت عظمیٰ کو یقین دلایا تھا کہ وہ نہ تو وقف املاک کو ڈی نوٹیفائی کرے گا، بشمول ‘یوزر کے ذریعہ وقف’ اور نہ ہی سنٹرل وقف کونسل اور بورڈز میں کوئی تقرری ہوگی۔