حیدرآباد (دکن فائلز ؍ ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ قائم کرکے اسرائیلی حملہ کی مذمت کی۔ محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ آج پوری اسلامی دنیا ایران کی سپورٹ میں متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت ایران سے تنازع بڑھانا چاہتی ہے تاکہ امریکہ جنگ میں شامل ہو، آج پوری اسلامی دنیا ایران کی سپورٹ میں متحد ہے۔ انہوں نے ایران پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تہران دانش مندانہ اقدام کرے گا۔
قبل ازیں چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور یقین دلایا کہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں چین ایران کے ساتھ ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف ہے، ایٹمی تنصیبات پر حملے کرکے اسرائیل خطرناک روایت قائم کر رہا ہے، طاقت کے استعمال سے کبھی بھی پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔