حیدرآباد (دکن فائلز) راجستھان حکومت نے ضلع کوٹا کی ڈگوڈ تحصیل میں واقع محمد پورہ گاؤں کا نام باضابطہ طور پر تبدیل کر کے ’’موہن پورہ‘‘ رکھ دیا ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد یہ نیا نام تمام سرکاری ریکارڈ، ریونیو دستاویزات، اسکولوں اور انتظامی دفاتر میں درج کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق یہ گاؤں بدھاڈیتھ پولیس اسٹیشن کے دائرۂ اختیار میں آتا ہے اور یہاں تقریباً 60 سے زائد گھرانے آباد ہیں، جن میں تمام کے تمام ہندو برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔ اگرچہ گاؤں میں کوئی مسلم خاندان مقیم نہیں تھا، لیکن اس کے باوجود کئی دہائیوں سے سرکاری ریکارڈ میں اس کا نام محمد پورہ درج تھا۔
مقامی لوگوں کے مطابق ریاستِ نواب کے دور میں یہاں کے پولیس چوکی انچارج محمد نامی شخص کے باعث اس گاؤں کا نام محمد پورہ رکھا گیا تھا، جو بعد میں سرکاری دستاویزات میں درج ہو گیا۔ مدن پورہ پنچایت کے منتظم مول چند گجر نے بتایا کہ گاؤں کے باشندے طویل عرصے سے نام کی تبدیلی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی کوششوں کے بعد وزارتِ داخلہ، حکومتِ ہند نے اس تجویز کی منظوری دی، جس کے بعد ریاستی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ریاستی محکمۂ مال کے ڈپٹی سیکریٹری ہری سنگھ مینا کی جانب سے جاری حکم نامے میں گاؤں کے نام کی باضابطہ ترمیم کی گئی ہے۔


