حیدرآباد (دکن فائلز) مملکتِ سعودی عرب نے حج 2026 کے لیے ایک اہم اور سخت پالیسی نافذ کرتے ہوئے 15 سال سے کم عمر افراد پر حج کی ادائیگی کے لیے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اچانک فیصلے کے بعد ہزاروں عازمینِ حج متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ حکام نے فوری عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
سرکاری ہدایات کے مطابق 27 مئی 2026 (9 ذوالحجہ 1447ھ، یومِ عرفہ) تک جن افراد کی عمر 15 سال مکمل نہیں ہوگی، وہ حج کے لیے سعودی عرب کا سفر نہیں کر سکیں گے۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور 3 مئی 2026 سے اس پر سختی سے عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔
سعودی امیگریشن حکام نے تمام ایئرپورٹس اور ایئرلائنز کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ 15 سال سے کم عمر کسی بھی مسافر کو حج پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔ اگر کوئی ایئرلائن اس پابندی کی خلاف ورزی کرتی ہے تو اسے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مزید برآں، اس نئی پالیسی کے تحت ایسے تمام حج ویزے جو کم عمر عازمین کے لیے جاری کیے گئے تھے، انہیں خود بخود منسوخ تصور کیا جائے گا۔ سعودی حکومت نے متاثرہ عازمین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں منسوخ کر کے مکمل رقم (فل ریفنڈ) حاصل کر سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ حج کے انتظامات کو بہتر بنانے، رش کو کنٹرول کرنے اور سیکیورٹی و سہولت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ حج آپریٹرز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس نئی پالیسی سے عازمین کو فوری آگاہ کریں اور مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔


