حیدرآباد (دکن فائلز) سعودی عربیہ نے 15 سال سے کم عمر عازمینِ حج پر عائد کی گئی پابندی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں، جس کے بعد عمر کی حد میں نرمی سامنے آئی ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق اب 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو حج کے لیے سفر کی اجازت ہوگی، جبکہ 12 سال کی عمر کی حد سے متعلق سابقہ پالیسی بدستور برقرار رکھی گئی ہے۔ اس فیصلے سے ہزاروں ایسے خاندانوں کو ریلیف ملا ہے جو حالیہ پابندی کے باعث غیر یقینی صورتحال کا شکار تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی حکام نے اچانک اعلان کیا تھا کہ 27 مئی 2026 (9 ذوالحجہ 1447ھ، یومِ عرفہ) تک 15 سال سے کم عمر کے کسی بھی عازم کو حج کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کے تحت ایئرلائنز کو ہدایت دی گئی تھی کہ کم عمر بچوں کو حج پروازوں میں سوار نہ کیا جائے، جبکہ ایسے افراد کے ویزے منسوخ تصور کیے جائیں گے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس پابندی سے متاثر ہونے والے عازمین اپنی درخواستیں منسوخ کروا کر مکمل رقم کی واپسی حاصل کرسکتے ہیں۔ تاہم تازہ ہدایات کے بعد صورتحال میں واضح تبدیلی آئی ہے اور عمر کی حد دوبارہ 12 سال کر دی گئی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے عمر کی حد میں یہ ردوبدل انتظامی امور، رش کے کنٹرول اور سیکیورٹی اقدامات کے پیش نظر کیا جاتا ہے۔ نئی پالیسی سے خاص طور پر ان خاندانوں کو سہولت حاصل ہوگی جو اپنے بچوں کے ہمراہ فریضہ حج ادا کرنے کے خواہشمند ہیں۔


