اندھی، گونگی اور بہری دنیا۔۔! سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں، غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، صیہونی بربریت میں شہداء کی تعداد 72,736 ہوگئی

حیدرآباد (دکن فائلز) قابض اسرائیلی افواج نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں بمباری، گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز بھی جنوبی غزہ کے شہر خان یونس سمیت کئی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے خان یونس کے مشرقی علاقوں میں شدید فائرنگ کی جبکہ توپ خانے سے مختلف مقامات پر گولے برسائے گئے۔ اسی دوران اسرائیلی جنگی کشتیوں نے سمندر کی جانب سے بھی مغربی خان یونس پر فائرنگ کی۔

اطلاعات کے مطابق علی الصبح غزہ شہر اور بریدج کیمپ کے مشرقی علاقوں پر بھی شدید گولہ باری کی گئی، جبکہ گزشتہ شب اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع الشاطئ اسپتال کے قریب پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی افواج مسلسل بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، جبکہ امدادی سامان، نقل و حرکت اور انسانی امداد پر بھی سخت پابندیاں برقرار ہیں۔

وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 10 اکتوبر 2025 کو سیز فائر نافذ ہونے کے بعد سے اب تک 850 فلسطینی شہید جبکہ 2433 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ اسی دوران 770 شہداء کی لاشیں ملبے سے نکالی گئی ہیں۔

سات اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں اور نسل کشی کے نتیجے میں مجموعی شہداء کی تعداد 72,736 جبکہ زخمیوں کی تعداد 172,535 تک پہنچ چکی ہے۔

وزارتِ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں پانچ شہداء لائے گئے جن میں چار نئے شہداء اور ایک ملبے سے نکالی گئی لاش شامل ہے، جبکہ 15 زخمیوں کی بھی تصدیق کی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اب بھی بڑی تعداد میں متاثرین ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور شدید تباہی، خطرناک زمینی حالات اور مسلسل بمباری کے باعث ایمبولینس اور شہری دفاع کی ٹیمیں ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔

فلسطینی حکام کے مطابق یکم مئی سے اب تک شہداء کی تصدیقی کمیٹی نے مزید 103 شہداء کے اعداد و شمار کی توثیق کی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ مسلسل سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں