حیدرآباد (دکن فائلز) تیونس اور ترکیہ میں ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی گئی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک نے پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ اور بدھ 27 مئی کو عیدالاضحیٰ منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق تیونس پہلا اسلامی ملک بن گیا جس نے ذوالحجہ کے آغاز کا سرکاری اعلان کیا۔ تیونسی حکام نے ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ قرار دیتے ہوئے چاند نظر آنے کی تصدیق کی، جس کے بعد نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔
دوسری جانب ترکیہ نے بھی فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیر 18 مئی کو یکم ذوالحجہ قرار دیا ہے۔ ترکیہ میں کئی برسوں سے روایتی رویتِ ہلال کے بجائے جدید سائنسی اور فلکیاتی نظام کے تحت اسلامی مہینوں کی تاریخیں طے کی جاتی ہیں، اسی بنیاد پر عیدین اور دیگر مذہبی ایام کا اعلان پہلے سے کر دیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان اور دیگر خلیجی ممالک میں اتوار 17 مئی کی شام ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق بیشتر خلیجی ممالک میں چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں، تاہم حتمی فیصلہ سرکاری رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اعلان کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ اگر سعودی عرب میں بھی اتوار کو چاند نظر آ گیا تو وہاں بھی 18 مئی کو یکم ذوالحجہ اور 27 مئی کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی جبکہ وقوفِ عرفہ 26 مئی کو ہوگا۔


