حیدرآباد (دکن فائلز) چین میں ایک شادی اس وقت دلچسپ منظر میں بدل گئی جب دلہا اور دلہن نے روایتی تقریب کے بجائے ریسلنگ مقابلے کا اہتمام کیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چین کے صوبہ Guizhou کے علاقے Zunyi میں پیش آیا، جہاں دلہا ہی ین شینگ ایک پروفیشنل ریسلر ہیں۔
مقابلے کی شرط یہ رکھی گئی کہ ہارنے والے کو زندگی بھر گھر کے کام کرنا ہوں گے۔ شادی کے مقام پر ریسلنگ رنگ بنایا گیا اور مہمانوں نے مقابلے میں بھرپور دلچسپی لی۔ آخر میں دلہن نے دلہا کو زمین پر پٹخ دیا، جس کے بعد ریفری نے دلہن کو فاتح قرار دیا۔
دلہا نے بعد میں کہا کہ مقابلے میں شامل تمام افراد تربیت یافتہ تھے اور حفاظت کو ترجیح دی گئی۔ اس نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اسے ہارنا ہی تھا کیونکہ وہ دلہن کو کبھی گھر کا کام نہیں کرنے دے گا۔


