تین طلاق اور کثرتِ ازدواج کی شدید مخالفت، لیکن ۔۔۔ پون کلیان نے تیسری بیوی کو بھی طلاق دے دیا! تین ناکام شادیوں کے بعد کیا اب چوتھی شادی کریں گے؟

حیدرآباد (دکن فائلز) ایک طرف جہاں ملکی سیاست میں خاندانی روایات، کثرتِ ازدواج اور طلاق کے معاملات بالخصوص تین طلاق پر سخت ترین بیانات اور قدامت پسندانہ مؤقف اختیار کیا جاتا رہا ہے، وہیں این ڈی اے کے اہم اتحادی، آندھرا پردیش کے نائب وزیرِ اعلیٰ اور معروف اداکار پون کلیان کی تیسری اہلیہ اینا لیزنیوا سے علیحدگی کے بعد ان کی ازدواجی زندگی پھر سے شدید بحث کی زد میں آ گئی ہے۔

سیاسی و عوامی حلقوں میں یہ سوال شدت سے اٹھایا جا رہا ہے کہ دوسروں کو ازدواجی نظم و ضبط اور طلاق پر اخلاقی درس دینے والے سیاسی حلقوں کے اپنے رہنما کی ذاتی زندگی تین شادیوں اور تین طلاقوں پر محیط کیوں ہے۔ پون کلیان اور ان کی روسی نژاد اہلیہ اینا لیزنیوا نے 13 برس کے ازدواجی رشتے کے بعد باضابطہ طور پر علیحدگی کا اعلان ایک مشترکہ بیان کے ذریعے کیا۔

بیان میں کہا گیاکہ ”ہم نے زندگی کا ایک طویل اور اہم حصہ ساتھ گزارنے کے بعد باہمی افہام و تفہیم اور احترام کے ساتھ الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ ہماری شادی کا اختتام ہو چکا ہے، لیکن ہم بدستور اچھے دوست رہیں گے اور اپنے بچوں کی بہتر پرورش ہماری مشترکہ ترجیح رہے گی۔“

یہ پون کلیان کی تیسری ناکام شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے پہلی شادی 1997 میں نندنی سے کی تھی، جو محض دو سال بعد 1999 میں علیحدگی اور بالآخر طلاق پر ختم ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی دیرینہ ساتھی اداکارہ رینو دیسائی سے شادی رچائی، جس کا انجام بھی تنازعات اور طلاق پر ہوا۔ سال 2013 میں انہوں نے اینا لیزنیوا سے تیسرا عقد کیا تھا، جو اب باقاعدہ ختم ہو چکا ہے۔

اس تازہ علیحدگی کے بعد سوشل میڈیا اور سیاسی مباحثوں میں پون کلیان کا وہ پرانا انٹرویو دوبارہ گردش کر رہا ہے جس میں انہوں نے ننداموری بالاکرشنا کے ٹاک شو میں اپنی شادیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا ”میں نے تین شادیاں ایک ہی وقت میں نہیں کیں اور نہ ہی تینوں کو ایک ساتھ ایک گھر میں رکھا۔ میرا ارادہ تو سنیاسی بننے اور یوگا کی راہ اختیار کرنے کا تھا۔ پہلی شادی بزرگوں کی مرضی سے ہوئی مگر وہ نہ چل سکی۔ ایک رشتہ ناکام ہوا تو طلاق دے کر دوسرا کرنا پڑا۔ یہ نہ کوئی خواہش تھی اور نہ ہوس، بس حالات ایسے بنے جن میں صرف درد اور تکلیف ہی تھی۔“

سیاسی ناقدین کا کہنا ہے کہ پون کلیان اور ان کے ہم خیال سیاسی اتحاد کی جانب سے مسلم پرسنل لا، تین طلاق اور ایک سے زائد شادیوں کو اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، مگر دوسری جانب پون کلیان کا اپنا ریکارڈ بتدریج تین شادیاں اور تین طلاقیں بن چکا ہے۔ عوامی سطح پر اسے کھلی منافقت اور قول و فعل کا کھلا تضاد قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں