ممبی کے ساحل پر بحرعرب میں واقع مشہور و معروف حاجی علی کی درگاہ کے احاطہ میں دنیا کا سب سے اونچا قومی پرچم لہرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
درگاہ حاجی علی کے ٹرسٹی نے بتایا کہ درگاہ کے احاطہ میں دنیا کا سبے اونچا پول کھڑا کرنے اور اس پر قومی پرچم لہرانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ درگاہ کمیٹی کے چیف سکریٹری سہیل کھنڈوانی نے کہا کہ فی الحال درگاہ کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جبکہ پرچم کشائی کےلیے وزیراعظم نریندر مودی کو مدعو کیا جائے گا۔
سہیل کھنڈوانی نے مزید کہا کہ اس منصوبہ پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت قاہرہ میں تقریباً 202 میٹر اونچے پول پر ایک پرچم لہرایا گیا ہے جو دنیا کا سب سے اونچا پول ہے۔
واضح رہے کہ حاجی علی درگاہ ساحل سے کچھ فاصلے پر سمندر میں ایک چھوٹے سے جزیرے پر واقع ہے اور ایک پختہ راستہ کے ذریعہ یہاں زائرین آتے ہیں۔