ٹیلی ویژن اور فلموں کے معروف کامیڈین اداکار راجو شری واستو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
58 سالہ کامیڈین اداکار راجوشری واستو کو دِل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں وہ ایک ماہ کی طویل علالت کے بعد آج انتقال کر گئے ہیں۔ وہ جِم میں ورزش کرتے ہوئے اچانک گِر گئے تھے طبیعت بگڑنے پرراجوشری واستو کو دہلی کے مقامی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھاجہاں اُسی دن ان کی انجیو پلاسٹی بھی کی گئی تھی۔
اداس چہروں پر ہنسنی بکھیرنے والے کامیڈین راجو شری واستو 58 سال کی عمر میں اپنے چاہنے والوں کو غمگین کر گئے۔
جتنا وہ ہسنتے مسکراتے اور لوگوں کو قہقہے لگانے پر مجبور کرتے تھے ان کی زندگی بھی اتنی ہی مشکل رہی، راجو شری واستو نے رکشہ چلا کر پیسے کمائے لیکن محنت اور لگن نے راجو کو کامیڈی کا کنگ بنا دیا۔
راجو 25 دسمبر 1963 کو پیدا ہوئے اور ان کا نام ستیہ پرکاش سری واستو تھا، راجو 80 کی دہائی میں ممبئی شہر میں بڑے خواب لے کر آئے لیکن فلموں میں اداکاری اور کامیڈی سے قبل راجو نے رکشہ چلا کر اپنا گزر بسر کیا۔
راجو نے اپنی کامیڈی کا آغاز اداکار امیتابھ بچن کی نقل اتار کر کیا تھا جس پر انہیں 50 روپے ملے تھے، اس کے بعد انہیں 1988 میں فلم ‘تیزاب’ میں رول ملا، یوں راجو نے فلم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنا لی، 1989 میں ‘میں نے پیار کیا ‘ اور 1993 میں فلم ‘بازی گر’ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
2005 میں انہیں ایک کامیڈین کے طور پر شناخت ملی، اس دور کا مشہور کامیڈی شو ‘دی گریٹ انڈیا لافٹر چیلنج’ میں راجو نے کامیڈی کا ٹیلنٹ دکھا کر دیکھنے والوں کے دلوں میں گھر کرلیا، اس کے علاوہ راجو سیاست سے بھی وابستہ رہے۔
راجو شری واستو کو گذشتہ 10 اگست کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے اور آج صبح ان کا انتقال ہوگیا۔