ٹی 20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
سڈنی میں ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں نیوزی لینڈ کا آغاز نہایت مایوس کن رہا۔ اس کا ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا اور دونوں اوپنر صرف ایک ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ون ڈاؤن پر آنے والے کپتان کین ولیم سن بھی صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کے صرف 15 رنز پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تاہم اس کے بعد مڈل آرڈر بلے باز گلین فلپس نے ریت کی طرح اپنی ٹیم کی گرتی بیٹنگ کو سنبھالا۔
گلین فلپس نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور 64 گیندوں پر 104 رنز بنائے جن میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا جسے حاصل کرنے کی کوشش میں سری لنکا کی ٹیم ہدف سے 65 رنز قبل یعنی 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کے صرف دو بلے باز ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ شاناکا 35 اور راجا پکسے 34 رنز بناسکے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
گلین فلپس کو سنچری بنانے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ پانچ پوائنٹس کے ساتھ گروپ ون میں پہلی پوزیشن پر آگیا۔
ایونٹ میں کل دو میچز کھیلیں جائیں گے، صبح 8 بجے بنگلا دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی اور دوپہر 12 بجے پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔