ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے 18 ویں میچ میں جنوبی آفریقہ نے ٹیم انڈیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں غلط ثابت ہوا کیونکہ 9 اوورز میں ٹیم انڈیا کے 51 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
کے ایل راہول ایک بار پھر ناکام رہے انہوں نے 9 رنز بنائے، کپتان روہت شرما 15، ویرات کوہلی 12، ہاردک پانڈیا 2 جبکہ دیپک ہودا صفر پر آؤٹ ہوئے۔
دنیش کارتک 101 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس روانہ ہوئے، دوسرے اینڈ پر سوریا کمار یادوو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور بڑھایا اور چالیس گیندوں پر 68 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔
سوریا کمار کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹیم انڈیا نے مقررہ بیس اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے اور جنوبی آفریقہ کو جیت کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا۔
ٹیم انڈیا کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے جبکہ سوریا کمار 68، روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی 12 رنز بنا سکے۔
جنوبی آفریقہ بالرز میں لنگی نگیڈی نے جارحانہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ پارنیل نے تین اور اینریچ نورٹجے نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی آفریقہ اننگز
جنوبی آفریقہ نے ٹیم انڈیا کی جانب سے دیے گئے ہدف 134 رنز کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو پروٹیز کو مشکلات کا سامنا رہا کیونکہ تین رنز پر دو اہم کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔
بعد ازاں جنوبی آفریقہ کو تیسری وکٹ کے نقصان کا سامنا چوبیس رنز پر کرنا پڑا، پھر ایڈن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا تو وہ نصف سنچری بنا کر آؤٹ ہوئے یوں 100 کے مجموعی اسکور پر پروٹیز کو چوتھے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے بعد کریز پر آنے والے ڈیوڈ ملر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کروایا۔ یوں جنوبی آفریقہ کو دو گیندوں پہلے پانچ وکٹوں سے فتح نصیب ہوئی۔