ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ ون کے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو 4 رنز سے شکست دے دی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں 168 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 7 وکٹ پر 164 رنز بناسکی، اس شکست کے ساتھ ہی افغان ٹیم کا ایونٹ کا سفر اختتام کو پہنچا۔
آسٹریلیا کے 168 رنز کے جواب میں افغانستان نے 164 رنز بنائے، افغان بیٹر راشد خان نے اپنی ٹیم کو میچ جتوانے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے، انہوں نے 23گیندوں پر 48 رنز کی دھواں دار باری کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں افغان اوپنر عثمان غنی 2 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئےجبکہ رحمان اللہ گرباز 30 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
ابراہیم زادران اور گلبدین نائب نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 59 کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم گلبدین 99 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد افغان ٹیم کے 3 کھلاڑی محض 4 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے،میچ کے اختتامی لمحات میں اسپنر راشد خان نے جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن وہ ٹیم کو منجھار سے باہر نہ نکال سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ نے 2،2 جبکہ کین رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 168 رنز بنائے۔
آسٹریلوی بیٹر گلین میکس ویل نے 32 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ مچل مارش نے 45، ڈیوڈ وارنر اور اسٹوائنس نے 25 ،25 رنز بنائے۔
دوسری جانب آج پہلےکھیلے گئےگروپ 1 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو 35 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔