بلقیس بانو عصمت دری کے درندہ صفت مجرمین کو سنسکاری برہمن بتانے والے بی جے پی رہنما کو گودھرا سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔
گجرات کے سابق وزیر اور گودھرا سے چھ بار رکن اسمبلی رہے چندر سنگھ راول جی کو بی جے پی نے گودھرا سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ 2017 میں گجرات انتخابات سے قبل چندر سنگھ نے کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
واضح رہے کہ چندر سنگھ گجرات حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے رکن بھی تھے جو بلقیس بانو کے ساتھ عصمت دری، ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے 9 افراد کو قتل کرنے والے درندہ صفت 11 مجرمین جو جیل میں سزا کاٹ رہے تھے کی جلد رہائی سے متعلق بنائی گئی تھی۔
درندہ صفت مجرمین کی رہائی کے بعد چندر سنگھ راول نے انہیں برہمن کہا تھا اور کہا تھا کہ برہمن اچھے تہذیب یافتہ لوگ ہوتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں چندر سنگھ نے مجرمین کو سنسکاری کہا تھا۔
واضح رہے کہ بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت ریزی کرنے والوں کو یوم آزادی کے روز جیل سے رہا کیا گیا تھا اور ان کا استقبال پھولوس سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئی تھیں۔
عوام کا تاثر ہے کہ بی جے پی نے گجرات انتخابات میں کٹر ہندو ووٹ حاصل کرتے ہوئے فائدہ اٹھانے کےلیے مجرمین کو رہا کیا تھا۔