جمعیۃ علما کی قانونی مدد سے 24 سال بعد محمد یعقوب اور قادر شیخ جیل سے رہا

چوبیس برسوں سے جیل میں قید دو مسلم قیدیوں کی ناگپور سینٹرل جیل سے رہائی عمل میں آئی جن کی شناخت محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ کے طور پر کی گئی۔

رہا ہوئے مسلم قیدیوں نے قانونی طور پر امداد فراہم کرنے پر جمعیۃ علماہند (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی، ایڈوکیٹ شاہد ندیم و دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر پہنچ کر گلزار اعظمی سے ملاقات کی۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ 30 نومبر کو سپریم کورٹ نے محمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ کی ضمانت منظور کی تھی جبکہ ملزمین 1998 ممبئی لوکل ٹرین بم دھماکے کرنے والی گینگ کے اہم ارکان تھے۔ ملزمین کو نچلی عدالت سے عمر قید کی سزا ملی تھی جسے بامبے ہائی کورٹ نے برقراررکھا تھا۔

محمد یعقوب عبدالمجید نے بتایا کہ وہ بے قصور ہے اور نچلی عدالت میں موثر پیروی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سزا ہوئی تھی لیکن جمعیۃ علماء ہند کی کاوشوں کی وجہ سے آج ضمانت ملی ہے۔ انہوں نے سینئر وکیل نتیا راما کرشنن کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سپریم کورٹ میں ان کی پیروی کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ گذشتہ چوبیس سالوں سے جیل بند تھے، اس دوران انہیں پیرول پر رہائی ملتی رہی لیکن پیرول پر رہائی حاصل کرنے میں انہیں شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور پیرول پر رہائی سال میں صرف چند دنوں کے لیئے ہی ملتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جمعیۃ علماء نے بامبے ہائی کورٹ کی جانب سے عمر قید کی سزا دیئے جانے والے فیصلے کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے میں ان کی مدد کی اور پھر ضمانت پر رہائی کی بھی کوشش کی جس کے لیئے وہ جمعیۃ علماء کے مشکور ہے۔

اس موقع پر محمد یعقوب نے گلزار اعظمی سے گذارش کی کہ جیل میں مقید دیگر تین ملزمین آفتاب سعید احمد شیخ،محمد صغیر محمد بشیر اور محمد اقبال محمد حنیف کی ضمانت پر رہائی کے لیئے کوشش کی جائے کیونکہ وہ بھی عمر کے آخری حصہ میں ہیں اور جیل سے رہائی کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ 1998 میں ہوئے بم دھماکوں کے الزامات کے تحت نچلی عدالت سمیت بامبے ہائی کورٹ سے مجرم گردانے گئے چھ مسلم لوگوں نے جمعیۃ علماء کے توسط سے ان سزاؤں کے خلاف سپریم کورٹ آف انڈیا میں اپیل داخل کی تھی لیکن اس پر سپریم کورٹ کے فوری سماعت کرنے سے انکار کے بعدمحمد یعقوب عبدالمجید اور اصغر قادر شیخ کی ضمانت پر رہائی کی عرضداشت داخل کی گئی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا، اس سے قبل بھی سپریم کورٹ آف انڈیا نے اشفاق سعید شیخ کی ضمانت منظور کی تھی، ابتک جمعیۃ علماء کے توسط سے تین لوگوں کی ضمانت منظور ہوچکی ہے۔

جمعیۃ علما کی قانونی مدد سے 24 سال بعد محمد یعقوب اور قادر شیخ جیل سے رہا
Two Muslim prisoners released from jail after 24 years

اپنا تبصرہ بھیجیں