جماعت اسلامی ہند بہار کے سابق امیر حلقہ قمر الہدی کا انتقال

پٹنہ :جماعت اسلامی ہند، بہار کے سابق امیر حلقہ جناب قمرالہدیٰ کا سنیچر کو علیٰ الصبح 3:15بجے پٹنہ کے میدانتا اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 87 سال تھی۔گزشتہ 21 دسمبر کواپنے کمرے میں گر جانے کی وجہ سے مرحوم کے پاؤں میں فریکچر ہو گیا تھا۔ اسپتال میں علاج کے دوران ان کے پھیپھڑے کا انفکشن بڑھ گیاجس سے وہ جاں بر نہ ہو سکے۔ جماعت اسلامی ہند بہار کے ٹکاری روڈ واقع دفتر/ میں دوپہر 1:30 بجے مرحوم کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ ان کی تدفین اتوار کو صبح 10 بجے آبائی وطن مدھوبنی ضلع کے ململ واقع مدرسہ چشمہ فیض سے متصل قبرستان میں ہوگی۔ سابق امیر حلقہ کا پورا نام قمرالہدیٰ قمر تھا۔جماعت اسلامی ہند بہار سے ان کی دیرینہ وابستگی تھی۔وہ مرحوم ڈاکٹر سید ضیاء الہدیٰ کے تربیت یافتہ تھے۔ 1980 میں وہ رکن جماعت بنے۔

1994 سے 2011 کے دوران انہوں نے امیر حلقہ بہار کی ذمہ داریاں انجام دیں۔ وہ جماعت اسلامی ہند کی مجلس نمائندگان کے رکن تھے۔ فی الحال حلقہ بہار کے رکن شوریٰ تھے۔ مرحوم قمر الہدیٰ نے بی کام، ایل ایل بی تک تعلیم حاصل کی تھی۔وہ حکومت بہار کے محکمہ اسٹیٹسٹکس ڈپارٹمنٹ میں افسر رینک کے ملازم تھے۔ جماعت سے منسلک ہونے کے بعد انہوں نے وی آر ایس لے لیا اور ہمہ وقتی کارکن بن گئے۔ مرحوم کی اہلیہ رضیہ قمربھی جماعت اسلامی ہندسے وابستہ تھیں۔ وہ حلقہ خواتین بہار کی ناظمہ تھیں۔ ان کا انتقال 2010میں ہو گیا تھا۔ امیر جماعت سید سعاد ت اللہ حسینی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ’مرحوم قمرالہدیٰ ہمارے بزرگ ترین اور سب سے تجربہ کار رفقاء میں سے تھے۔

زندگی بھر جس یکسوئی سے انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں اور تحریک کی خدمت فرماتے رہے، وہ ہم سب کے لئے ایک روشن مثال ہے۔‘ جناب قمرالہدیٰ کی رحلت پر جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا ذاتی خسارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے تحریک و تنظیم میں ہمیں بچے کی طرح انگلی پکڑ کر چلنا سکھایا۔ ان کے انتقال سے تحریک اسلامی بہار کے ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ وہ تقویٰ و للہیت کے اعلیٰ مقام پر فائز تھے۔ تہجد کے پابند تھے۔ اصولی زندگی اور نظم و ضبط کی سختی سے پابندی کرتے تھے۔ امیر حلقہ نے اللہ سے مرحوم کی مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی۔

Former Amir of Jamaat-e-Islami Hind Bihar Qamar Ul Huda passed away
جماعت اسلامی ہند بہار کے سابق امیر حلقہ قمر الہدی کا انتقال

اپنا تبصرہ بھیجیں