تلنگانہ کے 373 عازمین کے پہلے قافلے کو حیدرآباد کے نامپلی میں واقع حج ہاوز سے تلبیہ کی گونج میں روانہ کیا گیا جبکہ یہ قافلہ شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر مقدس کےلیے روان ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق تلنگانہ کے عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ مکہ معظمہ بحفاظت پہنچ گیا۔
قبل ازیں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے قافلہ کو ہری جھنڈی دکھاکر حج ہاوز سے روانہ کیا تھا۔ اس موقع پر حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی، ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین محمد سلیم اور مولانا مفتی خلیل احمد موجود تھے۔
شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے امبارکیشن پوائنٹ سے اب تک 746 عازمین مقدس سفر کےلیے روانہ ہوچکے ہیں۔
حیدرآباد حج ہاوز میں عازمین کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے اس موقع پر روح پرور مناظر دیکھے جارہے ہیں۔