ایران نے تین سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کر دیئے

(ایجنسیز) مغربی طاقتوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران نے تین سیٹلائٹ لانچ کر دیئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کا کہنا ہے کہ ان سیٹلائٹس کو مواصلات اور جیوپوزیشننگ ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ خلا میں کارگو پہنچانے کی افادیت کی جانچ کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔

ایران نے وزارت دفاع اور مسلح افواج لاجسٹکس کے تیار کردہ اپنے کیریئر راکٹ کا استعمال کرتے ہوئے پہلی بار کامیابی کے ساتھ تین سیٹلائٹ لانچ کیے ہیں۔ یہ ایک ایسا سنگ میل ہے جس کے بارے میں مغرب کو خدشہ ہے کہ تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو تقویت ملے گی۔

سیٹلائٹس کو آج کم از کم 450 کلومیٹر (280 میل) کے مدار میں بھیجا گیا تھا۔ 32 کلوگرام وزنی ایک سیٹلائٹ اور 10 کلو گرام سے کم وزن کے دو نینو سیٹلائٹ سمرگ (فینکس) سیٹلائٹ کیریئر راکٹ کا استعمال کرتے ہوئے چلائے گئے تھے۔ سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ کیہان-2 اور حطف-1 نامی نینو سیٹلائٹس کو نیرو بینڈ کمیونیکیشن اور جیوپوزیشننگ ٹیکنالوجی کی جانچ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ایرانی خلائی ایجنسی کی جانب سے تیار کردہ مہدا نامی اس بڑے سیٹلائٹ کا مقصد خلا میں متعدد کارگو پہنچانے میں سمرغ راکٹ کی درستگی کی جانچ کرنا ہے۔ سمرگ راکٹ کو ماضی میں متعدد ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جاری جنگ پر وسیع تر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جس سے علاقائی تنازعے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں