’بی جے پی والوں کی کھدائی سے ملک کا اتحاد کھو جائے گا’، پارلیمنٹ میں سنبھل معاملہ کی گونج، اکھلیش یادو نے تشدد کو سازش قرار دے دیا (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے پارلیمنٹ میں سنبھل واقعہ پر آواز بلند کی۔ انہوں نے سنبھل تشدد کو حکومت کی منصوبہ بند سازش قرار دیا۔ آج لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ سنبھل میں تشدد منصوبہ بند تھا اور اس کا مقصد ایک ایسی جگہ پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنا تھا جو طویل عرصے سے بھائی چارے کی علامت رہی ہے۔

https://x.com/i/status/1863840782891016235

اکھلیش یادو نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کے عہدیدار سنبھل تشدد کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے ایسے عہدیداروں کے خلاف مقدمہ چلانے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں متعدد مساجد کے سروے کرانے سے متعلق شدت پسندوں کے مطالبہ پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس سے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو نقصان ہوگا۔ زیرو آور کے دوران اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے، قنوج کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ سنبھل اپنے بھائی چارے کے لیے جانا جاتا ہے اور “منصوبہ بند” تشدد نے اس ہم آہنگی کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے مقامی عدالت کی جانب سے آناً فاناً میں دیئے گئے سروے کے حکم اور انتظامیہ کی جانب سے اس پر فوری تعمیل کرنے کو غلط قرار دیتے ہوئے حکومت کے رویہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ “سنبھل میں جو واقعہ پیش آیا وہ ایک سونچی سمجھی سازش تھی۔ بی جے پی اور ان کے اس کے اتحادی کھدائی کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور ان کی بار بار کھدائی (علاقہ) کی باتوں سے ملک کی گنگا جمونی تہذیب کو نقصان پہنچے گا،‘‘ یادو نے کہا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والوں کی کھدائی سے ملک کا اتحاد کھو جائے گا۔ ان کا اشارہ ملک بھر میں متعدد مساجد کے نیچے مندر ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کی طرف تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں