حیدرآباد (دکن فائلز) عالمی موسیقی کی دنیا سے ایک ایمان افروز خبر سامنے آئی ہے، جہاں 2023 میں مشہور گانے ’ٹو مچ‘ کے ذریعہ عالمی شہرت حاصل کرنے والے برطانوی ریپر و گلوکار سینٹرل سی نے اسلام قبول کرلیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے ایک لائیو اسٹریمنگ کے دوران نہایت عاجزی اور سادگی کے ساتھ کیا، جس میں انہوں نے کلمۂ شہادت پڑھ کر اپنے مسلمان ہونے کی تصدیق کی۔
27 سالہ فنکار، جن کا اصل نام اوکلی نیل سیزر-سو ہے، نے بتایا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام تبدیل کر کے ’عقیل‘ رکھ لیا ہے۔ لائیو اسٹریم کے دوران جب انہوں نے کلمۂ طیبہ ادا کیا تو وہاں موجود دوستوں اور ساتھیوں نے خوشی اور محبت کے ساتھ انہیں مبارکباد پیش کی، جبکہ دنیا بھر میں ان کے مداحوں نے بھی اس فیصلے کو عقیدت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا۔
سینٹرل سی، جو مغربی لندن میں 4 جون 1998 کو پیدا ہوئے، نے 2014 میں موسیقی کے سفر کا آغاز کیا اور بہت کم عرصہ میں برطانوی ڈرل اور ریپ میوزک کے نمایاں ترین ناموں میں شامل ہو گئے۔ 2023 میں ریلیز ہونے والے گانے ’ٹو مچ‘ نے انہیں عالمی سطح پر پہچان دلائی، جبکہ 2024 میں وہ دنیا کے سب سے زیادہ سنے جانے والے برطانوی ریپر قرار پائے، جن کے گانوں کو مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اربوں بار سنا گیا۔
اسلام قبول کرنے سے قبل انہوں نے کبھی کھل کر اپنے مذہبی عقائد پر بات نہیں کی، تاہم مداحوں کی جانب سے ان کی بعض سوشل میڈیا پوسٹس میں عربی کیپشنز اور روحانی اشاروں کو دیکھ کر قیاس آرائیاں ضرور کی جاتی رہی تھیں۔ اب ان کا یہ اعلان اس بات کی تصدیق بن گیا کہ ہدایت جسے چاہے ملتی ہے، اور اللہ تعالیٰ دلوں کو اپنی طرف موڑ دیتا ہے۔
سینٹرل سی نے اپنے روحانی سفر کی تفصیلات فی الحال بیان نہیں کیں، مگر ان کا یہ قدم اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ اسلام کی حقانیت اور ایمان کی کشش سرحدوں، زبانوں اور ثقافتوں سے بالاتر ہے۔ ان کا یہ فیصلہ نہ صرف ان کی ذاتی زندگی کا ایک نیا باب ہے بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کے لیے غور و فکر اور امید کا پیغام بھی ہے۔


