حیدرآباد میں زلزلہ! گاجولارامارم میں چند سیکنڈ تک زمینی جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس

حیدرآباد (دکن فائلز) منگل کی صبح حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ گاجولارامارم کے میٹکان گڑم اور اطراف کے علاقوں میں چند سیکنڈ کے لیے زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس کے بعد مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اچانک جھٹکوں اور تیز آواز کے باعث لوگ گھبرا کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور ایک دوسرے سے صورتحال کے بارے میں معلومات لینے لگے۔ واضح رہے کہ گاجولارامارم علاقہ جیڈی میٹلہ اور میاں پور سے قریب ہے۔

مقامی افراد کے مطابق منگل کی صبح تقریباً 10 بج کر 10 منٹ پر اچانک زور دار آواز سنائی دی، جس کے فوراً بعد زمین میں لرزش محسوس ہوئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے، تاہم اس دوران کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

صورتحال کے پیش نظر بچوں کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے قریبی اسکولوں میں فوری طور پر چھٹی کا اعلان کر دیا گیا، جبکہ طلبہ خوف کے عالم میں کلاس رومز سے باہر آ گئے۔ سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی زمین کے ہلنے کے مناظر ریکارڈ ہونے کی بات سامنے آئی ہے، جن میں لوگ گھبرا کر گھروں اور اسکولوں سے باہر نکلتے دکھائی دیتے ہیں۔

اس واقعہ سے متعلق مقامی افراد کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں ایک اسکول کے چھوٹے بچوں کو خوف زدہ حالت میں باہر آتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعی زلزلے کے جھٹکے تھے یا پھر قریبی علاقوں میں جاری تعمیراتی کام یا کسی اور وجہ سے ایسی کیفیت محسوس ہوئی۔ انتظامیہ اور متعلقہ محکمے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اپ ڈیٹ جاری۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں