ایئر انڈیا کی ممبئی جانے والی پرواز میں ہائی جیک کی دھمکی کے بعد شدید سنسنی و افراتفری!

حیدرآباد (دکن فائلز) ایئر انڈیا کی پرواز (AI 772 – Airbus A320neo) جو کلکتہ سے ممبئی کے لیے روانہ ہونے والی تھی، صبح تقریباً 10:20 بجے کے قریب ٹیک آف کی تیاری کر رہی تھی کہ اس دوران پرواز کے عملے کو طیارے کے واش روم کے شیشے پر ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ ملا، جس میں مبینہ طور پر دھمکی دی گئی تھی کہ طیارے کو صبح 11:10 بجے ہائی جیک کر لیا جائے گا۔

عملے نے فوری طور پر پائلٹ کو آگاہ کیا، جس نے اے ٹی سی کو اس خطرے کی اطلاع دی۔ حفاظتی پروٹوکول کے تحت، طیارے کو فوراً رن وے یا عام ٹرمینل سے ہٹا کر ایئرپورٹ کے محفوظ مقام “آئسولیشن بے” میں منتقل کر دیا گیا۔

طیارے میں تقریباً 93 مسافر اور عملے کے اراکین سوار تھے۔ تمام مسافروں کو بحفاظت نیچے اتار لیا گیا۔ سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں نے بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ مل کر طیارے کی مکمل تلاشی کا آغاز کیا۔

ایئرپورٹ حکام اور پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ دھمکی آمیز پیغام کس نے اور کیوں لکھا۔ طیارے کے اندر اور ایئرپورٹ پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں