بڑی خبر: تلنگانہ میں 10ویں جماعت کی نصابی کتاب کے سرورق سے ‘سیکولر اور سوشلسٹ‘ لفظ غائب، ٹیچرس تنظیموں کا اعتراض

(دکن فائلز ڈاٹ کام) تلنگانہ میں محکمہ تعلیم کے افسران کی لاپرواہی ایک بار پھر منظر عام پر آئی ہے۔ اسٹیٹ کونسل فار ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT) کے عہدیداروں نے 10ویں جماعت کے سماجی علم کی کتاب کے سرورق پر آئین کی تمہید چھاپی ہے لیکن اس کور پیج پر چھپی ہوئی آئین کی تمہید سے سوشلسٹ اور سیکولر کے الفاظ غائب ہیں، اگرچہ گذشتہ سال کی تمہید درست تھی لیکن اس سال ان اہم الفاظ کو نظر انداز کردیا گیا اور بغیر سوشلسٹ اور سیکولر لفظ کے کتابیں چھاپی گئیں۔

یہ دیباچہ تلگو اور انگریزی میڈیم کی کتابوں پر ہے۔ ان دو الفاظ کو ہٹانے سے مختلف اساتذہ یونین اور تنظیمیں ناراض ہیں۔ 1976 میں 42ویں آئینی ترمیم کے ذریعے تمہید میں سیکولر اور سوشلسٹ کے الفاظ کو شامل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ نئے تعلیمی سال کے سلیبس اور کتاب کی تیاری کے ادارتی ارکان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے لیکن نئے سرے سے ڈیزائن کے نام پر صرف کور پیج کو ہی تبدیل کیا گیا جس میں بڑی غلطی کا ارتکاب کیا گیا۔ ٹیچرس یونین و تنظیموں نے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ایس سی ای آر ٹی کے ڈائریکٹر رادھاریڈی نے کہا کہ سماجی علوم کے سرورق کو سوشلسٹ اور سیکولر الفاظ کے بغیر چھاپنا ان کا مقصد نہیں تھا، انہوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ سبجیکٹ کمیٹی نے کتاب کے اسباق کو چیک کیا، لیکن سرورق پر ان کی توجہ نہیں گئی۔ رادھاریڈی نے وضاحت کی کہ اس بار کور پیج اور اندرونی صفحات کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے صفحات کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس ترتیب میں ویب سائٹ سے پرانے دیباچے کو ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے غلطی ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں