بہار کے ضلع سارن میں مسلم ڈرائیور کو ہجومی تشدد کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق جلال پور علاقہ میں اچانک ٹرک خراب ہوگیا جس کے بعد ڈرائیور نے مرمت کےلئے ٹرک کو سڑک کنارہ کھڑا کیا اور مرمت کرنے لگا، تبھی پاس میں کھڑے لوگوں نے ڈرائیور سے ٹرک میں لدے سامان سے متعلق دریافت کیا۔ جیسے ہی لوگوں کو معلوم کہ ٹرک میں جانوروں کی ہڈیاں ہیں، مشتعل ہجوم نے ڈرائیور ظہیر الدین کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔
ہڈی کارخانہ کے مالک حیدر نے بتایا کہ اس موقع پر گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ اس وقت ٹرک میں ایک اور شخص موجود تھا جو اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا جبکہ وہ وہاں سے بھاگ گیا۔
ہجوم نے 55 سالہ ظہیر الدین کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی ایم صدر سنجے رائے اور ڈی ایس پی صدر موقع پر پہنچے اور معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ خاطیوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔


