یکساں سول کوڈ پر مرکزی حکومت کی سرگرمیاں تیز، پارلیمانی پینل نے لاء کمیشن کو طلب کیا، آئندہ پارلیمانی سیشن میں یو سی سی پر بل لانے کےلئے مودی حکومت تیار

ملک میں جہاں ایک طرف یکساں سول کوڈ کو لے کر مسلمانوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے وہیں مرکزی حکومت کی جانب سے آئندہ مانسون سیشن میں یکساں سول کوڈ سے متعلق بل پیش کیا جاسکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق لا سے متعلق پارلیمانی پینل نے یو سی سی معاملے پر لاء کمیشن کو 3 جولائی کو طلب کیا ہے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے اسی سیشن میں یو سی سی بل لانے کی بات کی جارہی ہے۔ یو سی سی کا یہ بل پارلیمانی کمیٹی کو بھی بھیجا جاسکتا ہے۔
اس سلسلہ میں ایک اہم اجلاس 3 جولائی کو طلب کیاگیا۔ یکساں سول کوڈ کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کی رائے جاننے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس 3 جولائی کو مقرر ہے۔ وہں اس معاملہ پر مختلف اسٹیک ہولڈرز سے آراء طلب کی جا رہی ہیں۔
ایک اور اطلاع کے مطابق لاء کمیشن کی جانب سے یکساں سول کوڈ کے بارے میں عام لوگوں اور تسلیم شدہ مذہبی تنظیموں سمیت مختلف اسٹیک ہولڈرز کے خیالات طلب کئے جانے کے بعد سے گذشتہ منگل تک تقریباً 8.5 لاکھ رائے موصول ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کچھ روز قبل ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے یکساں سیول کوڈ کی کھل کر تائید کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں