پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون پب جی پر ہندو شخص سے دوستی کے بعد 4 بچوں کے ہمراہ ہندوستان پہنچ گئیں۔
اطلاعات کے مطابق سیما غلام حیدر نامی خاتون کی گریٹر نوئیڈا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص سچن سے گیمنگ ایپ پب جی موبائل پر دوستی ہوئی جس کے بعد دونوں میں محبت پروان چڑھی۔
فون پر منصوبہ بندی کے بعد غیرقانونی طور پر نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہونے والی سیما جب گریٹر نوئیڈا پہنچی، جہاں سچن کی رہائش ہے ، تو خاتون کے ساتھ ان کے 4 بچے بھی تھے۔
گیمنگ پلیٹ فارم کے ذریعے شناسائی کے بعد سیما اور سچن نے ایک دوسرے کے ساتھ آن لائن بات چیت شروع کی، جو محبت میں تبدیل ہوئی اور سیما نے ہندوستان میں غیرقانونی طور پر داخلے کے بعدگریٹر نوئیڈا کے رابو پورہ علاقے میں کرایہ کے اپارٹمنٹ میں سچن کے ساتھ رہ رہی تھی۔
مقامی پولیس کو اطلاع ملی کہ گریٹر نوئیڈا میں ایک پاکستانی خاتون غیرقانونی طور پر رہ رہی ہے۔سچن کو پتہ چلا کہ پولیس کو سیما کی موجودگی کی خبر ملی ہے تو وہ سیما اور اس کے چار بچوں کے ساتھ بھاگ گیا۔
جس اپارٹمنٹ میں یہ جوڑا رہتا تھا اس کے مالک برجیش نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے یہ مکان مئی 2023 میں کرائے پر دیا تھا۔ جوڑے نے بتایاتھا کہ ان کی عدالت میں شادی ہوئی تھی اور ان کے چار بچے ہیں۔ مکان مالک نے پولیس کو مزید بتایا کہ خاتوں کے حلیے سے وہ پاکستانی نہیں لگتیں، وہ ساڑھی پہنتیی تھی۔
گریٹر نوئیڈا کے ڈپٹی پولیس کمشنر نے بتایا کہ ’پاکستانی خاتون اور مقامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ خاتون کے چار بچے بھی پولیس کے پاس ہیں۔‘ پاکستانی خاتون جس کی عمر 30 سال ہے، اُس کی انڈین شہری سے پب جی گیم کے ذریعے دوستی ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر کہتے ہیں کہ ’دونوں ملزمان سے ابھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ بقیہ تفصیلات تفتیش کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔‘


