ریاست تلنگانہ میں دو دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے زیادہ تر اضلاع کو وارننگ جاری کر دی ہے۔ محکمہ نے موسلادھار بارش کا سلسلہ مزید 48 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 5 اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ، 10 اضلاع کے لیے اورنج الرٹ اور 12 اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا۔ محکمہ نے لوگوں سے چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ کومرم بھیم، آصف آباد، منچیریال، جے شنکر بھوپالا پلی اور محبوب نگر اضلاع میں شدید سے شدید تر بارش ہوگی جبکہ ورنگل، ہنمکنڈا، جنگام، سدی پیٹ، یادادری بھونگیر، رنگاریڈی، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک اور نارائن پیٹ اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
وہیں عادل آباد، کریم نگر، پداپلی، ملگ، بھدرادری کتہ گوڑم، کھمم، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، محبوب آباد، حیدرآباد، میڑچل ملکا جیگری اور کاماریڈی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ریاست کے بعض اضلاع میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔
حکام لوگوں کو انتباہ دیا ہے کہ وہ درختوں کے نیچے اور قدیم عمارتوں کے قریب نہ رہیں۔