اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے دو نوعمر فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے جن میں سے ایک کی شناخت محمد فواد عطا البید کے نام سے کی گئی اور اسکی عمر 17 سال تھی۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ محمد فواد کو رام اللہ کے پڑوسی گاؤں ام صفا میں بدامنی کے دوران سر پر گولی ماری گئی۔ فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق رام اللہ کے شمال میں واقع جلازون پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والے لڑکے کو زخمی حالت میں ستشری عرب ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
اسرائیلی فورسز نے مقامی باشندوں کے ساتھ تصادم کے دوران براہ راست گولہ بارود، آنسو گیس اور سٹن گرنیڈ بھی فائر کیے۔
وفا نیوز ایجنسی کے مطابق دوسرے واقعے میں شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ فوزی مخلفہ کے نام سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور مقبوضہ مشرقی یروشلم میں 2023 کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فائرنگ سے 150 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔