ورلڈکپ 2023 کے نئے شیڈول کا اعلان، ہند۔پاک ٹاکرا 14 اکتوبر کو ہوگا (تمام میچس کا شیڈول دیکھیں)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے حتمی شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس میں روایتی حریف ہند۔پاک کے درمیان اہم میچ سمیت مجموعی طور پر 9 میچوں کی تاریخ اور اوقات کار میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پہلا میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا لیکن بی سی سی آئی نے 15 اکتوبر کو ہونے والے اس میچ کے حوالے سے سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اب میچ کو ایک دن پہلے منتقل کردیا گیا ہے اور میچ اب 14 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ اس میچ کی تبدیلی کی وجہ سے دیگر میچوں کے شیڈول میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا مقابلہ بھی شامل ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ 12 اکتوبر کو شیڈول تھا لیکن ہند۔پاک میچ کے دن پہلے انعقاد کے سبب ٹیم کی سفری مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب میچ کو 10 اکتوبر کی تاریخ پر منتقل کردیا گیا ہے۔

اسی طرح انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان 14 اکتوبر کو شیڈول میچ اب 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا اہم مقابلہ بھی اب 13 اکتوبر کے بجائے 12 اکتوبر کو ہو گا۔

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ بھی 14 اکتوبر کو کھیلا جانا تھا لیکن اب اس ڈے نائٹ میچ کی تاریخ بھی تبدیل کر دی گئی ہے جو اب 13 اکتوبر کو چنائی میں کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں