گجویل اور کاما ریڈی دونوں حلقوں سے کے سی آر کی شکست یقینی: محمد علی شبیر

کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر محمد علی شبیر نے بی آر ایس کی پہلی فہرست جاری کرنے کو لیکر آج کے سی آر پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گجویل میں ہار کے ڈر سے کاماریڈی سے بھی انتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔

محمد علی شبیر نے کہا کہ کے سی آر کی گجویل اور کاما ریڈی سے شکست یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر گجویل اور کاماریڈی دونوں حلقوں سے ہار جائیں گے۔ اُنہوں نے الزام لگایاکہ شکست کے خوف سے ہی کے سی آر کاماریڈی سے مقابلہ کررہے ہیں۔

کانگریس رہنما نے کہاکہ کے سی آرنے اقتدار میں آنے کے بعد اقلیتوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن 10 سال گزرنے کے بعد بھی یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔ شبیر علی نے بتایاکہ کانگریس مائناریٹی ڈکلریشن کمیٹی میں اقلیتی ترقی ، وقف جائیدادوں کے تحفظ اور دیگر امورپر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔

وہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس کی فہرست دیکھنے کے بعد اس بات کا یقین ہوگیا ہے کہ آنے والے انتخابات میں کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہوگا۔ اُنہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں کانگریس دوتہائی حلقوں سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ گجویل سے شکست کھانے کے خوف سے کے سی آر کاماریڈی سے بھی مقابلہ کررہے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ کے سی آر دونوں حلقوں سے ہار جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں