اترپردیش کے آگرہ میں واقع تاج محل کے احاطے میں موجود شاہی مسجد میں نماز پڑھنے کے الزام میں 4 سیاحوں کو حراست میں لیا گیا۔ یہ چاروں لوگ سیر و تفریح کےلیے حیدرآباد سے تاج محل گئے تھے۔
آگرہ پولیس کے مطابق معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے چار سیاح تاج محل دیکھنے آئے تھے، انہوں نے احاطہ میں واقع شاہی مسجد میں نماز ادا کی جس کے بعد سی آئی ایس ایف کے جوانوں نے انہیں تاج گنج پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ چاروں حیدرآبادیوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ تاج محل کے احاطہ میں واقع شاہی مسجد میں صرف جمعہ اور عید کی نماز ہی ادا کی جاتی ہے۔ اے ایس آئی ایکٹ اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق دیگر نمازیں ادا کرنے یا کسی نئے روایت کو شروع کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ حیدرآبادی سیاحوں کے خلاف مناسب کاروائی کی جائے گی۔