مسلم رکن پارلیمنٹ کی نہیں بلکہ 24 کروڑ مسلمانوں کی بے عزتی کی گئی، مشتاق ملک نے دانش علی سے بات کرکے اپنے احساسات کا اظہار کیا

حیدرآباد (پریس نوٹ) تحریک مسلم شبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ میں بی جے پی ایم پی کی مسلم رکن پارلیمنٹ دانش علی کو دیش کا غدار، ملّا، کٹوا جیسے الفاظ کہنا پارلیمنٹ کی بے عزتی ہے، ساتھ ہی یہ حرکت ملک کے 24 کروڑ مسلمانوں کی پارلیمنٹ میں بے عزتی کے مترادف بھی ہے۔ تمام اراکین پارلیمنٹ تو اس کی مذمت نہیں کریں گے، کیونکہ وزیراعظم اور آر ایس ایس چاہتی ہی یہ ہے کہ مسلمان بے عزت کئے جائیں، انہیں ڈرایا جائے، دھمکایا جائے۔

بیان میں محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان نے کہا کہ بی جے پی ایم پی نے پارلیمنٹ میں جو کیا اور سابقہ منسٹرس کا اس وقت ہنسنا اور میز تھپتھپانا شرمناک ہے۔ بلاشبہ وزیراعظم ایسے حالات میں جبکہ پارلیمنٹ میں دستور قانون کی پاسداری نہیں کی گئی خاموش رہیں گے۔ مگر ایسے حالات میں مسلم اراکین پارلیمنٹ کو متحد ہوکر اس پر شدید احتجاج کرنے کی ضرورت ہے اور اسپیکر کو نوٹس دیں کہ ایسے اراکین کو پارلیمنٹ سے معطل کیا جائے۔

محمد مشتاق ملک نے دانش علی ایم پی سے فون پر بات کی اور اپنے احساسات کا اظہار کیا۔ اپنے صحافتی بیان میں مشتاق ملک نے کہا کہ اس مسئلہ کو ہلکے میں نہیں لیا جاسکتا، کیونکہ یہ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے جو بی جے پی آر ایس ایس چاہتے ہیں۔ سڑکوں پر کہا جاتا تھا ’گولی مارو سالوں کو‘ اور وزیراعظم ایسے افراد کو نوازتے رہے۔ ملک کی پارلیمنٹ میں مسلم ایم پی کے تعلق سے کہنا شرمناک ہے اور پہلی غلطی کہہ کر معاف کردینا اسپیکر کی بڑی حمایت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں