تلنگانہ بی جے پی کے سینئر رہنما و او بی سی مورچہ کے قومی صدر کے لکشمن سمیت پارٹی کے دیگر آٹھ رہنماؤں نے آج اتر پردیش سے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگیاں داخل کیں۔ اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزرائے اعلیٰ برجیش پاٹھک، کیشو پرساد موریہ اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنما موجود تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو طاقتور کرنے کےلیے اور اقتدار پر فائز ہونے کےلیے پارٹی کی جانب سے پوری طاقت جھونکی جارہی ہے۔ اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر ڈاکٹر لکشمن کو راجیہ سبھا بھیجا جارہا ہے۔ سابق رکن اسمبلی لکشمن تلنگانہ بی جے پی کے صدر کی حثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اب دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ڈاکٹر لکشمن تلنگانہ میں بی جے پی کو کتنی طاقت بخشتے ہیں اور یہاں سیاسی طور پر پارٹی کو کتنا مضبوط کرتے ہیں۔ وہیں دوسری جانب تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے سی آر بھی آر پار کی لڑائی کےلیے تیار ہیں تاہم ٹی آر ایس کے اہم رہنما کے ٹی آر، کویتا، ہریش راؤ کی جانب سے بی جے پی اور مرکزی حکومت پر شدید تنقیدیں بھی کی جارہی ہے۔ لکشمن کو راجیہ سبھا میں بھیجنے کا مقصد بچھڑے طبقات کے ووٹوں کو پارٹی کی جانب موڑنا اور تلنگانہ میں بی جے پی کو مضبوط کرنا ہے تاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکے۔