اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم تھم نہ سکے ، غزہ میں اسرائیلی فوج نے ہسپتالوں کو بھی نشانے پر رکھ لیا ، ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینیوں کو شہید کردیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ۔
عالمی سفارتی کوششیں بھی اسرائیلی بربریت کو کم نہ کر سکیں ، غزہ میں اسرائیلی فضائیہ نے 24 گھنٹے کے دوران ایک اور ہسپتال اور مسجد کو نشانہ بنایا ، مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس ہسپتال کے قریبی علاقے پر 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی ، بموں کے ٹکڑے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں بھی گرے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق القدس ہسپتال میں 8 ہزار پناہ گزین موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے سفاکیت کی انتہا کردی، غزہ میں چوبیس گھنٹے بعد ایک اور اسپتال نشانہ بنادیا گیا ، اسرائیل نے القدس اسپتال کے اطراف بمباری کی، القدس اسپتال میں آٹھ ہزار سے زائد فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے، صہیونی ریاست نے دوہزار نو میں بھی القدس اسپتال کو نشانہ بنایا تھا۔ غزہ میں الشفا اسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا گیا، اسپتال زخمیوں سے بھرے ہیں، ڈاکٹرز کا کہنا ہے زخمیوں میں چالیس فیصد تعداد بچوں کی ہے۔