یوگی کے اترپردیش میں اسامہ بن لادن کی تصویر لگانے والا افسر معطل، پرکاش گوتم نے القاعدہ سربراہ کو دنیا کا سب سے بہترین انجینئر قرار دیا


دنیا کے لیے، اسامہ بن لادن شاید ایک دہشت گرد تھے، لیکن اتر پردیش میں محکمہ برقی کے ایک سینئر افسر کےلیے وہ (بن لادن) دنیا کے بہترین انجینئر تھے۔ پرکاش گوتم نے اپنے دفتر میں نہ صرف اسامہ بن لادن کی تصویر لگائی بلکہ تصویر کے نیچے لکھا تھا ’دنیا کا بہترین انجینئر‘۔ جب محکمہ کے ملازمین نے پرکاش گوتم سے تصویر لگانے کی وجہ دریافات کی تو اس نے بتایا تھا کہ ’اسامہ بن لادن میرے گرو ہیں‘-

اترپردیش میں فرخ آباد ضلع کے نواب گنج میں محکمہ برقی کے احاطہ میں القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کی فوٹو لگانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد محکمہ کے سب ڈویژن افسر آر پرکاش گوتم کو فوری اثر کے ساتھ معطل کردیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق نواب گنج میں واقع محکمہ کے دفتر میں ایک دیوار پر اسامہ بن لادن کی فوٹو مبینہ طور پر افسر پرکاش گوتم نے لگائی تھی۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد ڈی ایم نے سخت کاروائی کرتے ہوئے جانچ کا حکم دیا تھا تاہم جانچ میں متعلقہ افسر کو خاطی پایا گیا جس کے بعد پرکاش گوتم کے خلاف سخت کاروائی کرتے ہوئے انہیں فوری اثر سے معطل کردیا گیا ہے۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگر اس طرح کی حرکت کوئی مسلمان شخص کی جانب سے کی جاتی تو اسے ملک دشمن قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف انتہائی سخت کاروائی کرکے جیل میں ڈال دیا جاتا۔ واضح رہے کہ اترپردیش میں بی جے پی کی حکومت ہے اور یوگی ادتیہ ناتھ ریاست کے وزیراعلیٰ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں