تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے پہلے سال 2 لاکھ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے کا وعدہ: ریونت ریڈی

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی نے کہاکہ اگر کانگریس پارٹی تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں جیت جاتی ہے تو وہ ایک سال کے اندر 2 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے ذمہ دار ہوں گے۔ کاماریڈی میں انبخابی مہم کے دوران انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہرکوئی مجھ سے یہ سوال کررہا ہے کہ آپ کاماریڈی سے انتخاب کیوں لڑ رہے ہیں؟‘۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں عوام کا ساتھ دینے کےلئے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ ریاست قائم ہونے سے قبل وعدہ کیا تھا کہ اگر تلنگانہ ریاست بنتی ہے تو نوجوانوں کو روزگار ملے گا، لیکن کے سی آر نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے نوجوان خودکشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بی آر ایس قائدین پر تنقید کی کہ وہ خودکشی کرنے والے نوجوانوں اور کسانوں کو دیکھنے کےلئے بھی نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد بے زمین غریبوں کو سالانہ 12 ہزار روپے دیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اپنے فارم ہاؤس میں اگائے گئے دھان کو 4 ہزار روپے فی کوئنٹل سے زیادہ کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں، لیکن کاماریڈی کسانوں کے چاول 2 ہزار روپے فی کوئنٹل سے بھی کم قیمت پر خریدے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں