نیوزی لینڈ کو شکست دیکر ہندوستان ورلڈکپ فائنل میں داخل،شامی کے شاندار مظاہرے پر وزیراعظم مودی بھی فِدا ہوگئے

ہندوستان نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جہاں اس کا سامنا آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا کے بیٹرز نے وراٹ کوہلی اور شریاس آیئر کی سینچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 398 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اس ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 327 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ٹیم انڈیا کی جیت میں فاسٹ بولر محمد شامی نے انتہائی اہم کردار ادا کیا اور 57 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔ محمد شامی کو شاندار بولنگ پر ’پلیئر آف دا میچ‘ کے انعام سے نوازا گیا اور سوشل میڈیا پر بھی صارفین اُن کی کارکردگی پر انہیں داد و تحسین دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

وہیں وزیراعظم نریندر مودی نے سیمی فائنل کی جیت کو کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے سبب خاص قرار دیا اور سوشل میڈیا پوسٹ میں محمد شامی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس میچ میں اور پورے ورلڈ کپ میں محمد شامی کی بولنگ کو کرکٹ شائقین کی آنے والی نسلیں بھی سراہیں گی۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں